Press Release Details

Print

9th February 2009

Address of Mr. Speaker in the ceremony of the 30th National Day and Islamic Revolution of Islamic Republic of Iran held in Local Hotel

صوبائی اسمبلی پنجاب

لاہور۔(پریس ریلیز) 09 فروری2009

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ ایرانی مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے خیالات و افکار کی بے انتہا قدر کرتے ہیں ۔ ہمارا ہمسایہ ایران ہی وہ پہلا ملک تھا جس نے قیام پاکستان کی سب سے پہلے حمایت کی۔ ایران اور پاکستان نے ایک دوسرے کے معاملات کی نہ صرف اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر بلکہ دنیا بھر میں حمایت کی۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی دن اور ایران کے اسلامی انقلاب کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے حکومت ایران‘ اس کے عوام اور لاہورمیں ان کے قونصل خانے کے سربراہ جناب سعید خرازی کو اس تاریخی موقع کو پر وقار طریقے سے منانے پر مبارک باد دی ۔انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران نے ایرانیوں کی طرز زندگی کو بدلنے میں بہت اہم کردار کیا ہے۔ جس نے ایران میں سچی اسلامی روح کو ابھارا ہے۔میں انقلاب ایران کو بیسویں صدی کے سب سے حیران کن اورسحر انگیز واقعات میں سے ایک قرار دیتا ہوں ۔جس نے ایرانی معاشرے کو مذہبی ‘ سماجی‘ سیاسی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔سپیکر اسمبلی نے کہا کہ ایرانی قیادت جدید ترقی یافتہ اور مضبوط اسلامی حکومت کے اصولوں پر مبنی ایک ماڈل ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس قسم کے تہوار دونوں ملکوں کے عوام میں نہ صرف جوش وولولہ اور وسیع النظری پیدا رکریں گے بلکہ ان سے ایران اور پاکستان کے مابین دیرپا اور گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہونے میں مدد ملے گی۔رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے عوام ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ایران امت مسلمہ کا وہ چراغ ہے جس کے علم وادب کی روشنی دور دور تک پھیلی ہوئی ہے ۔ہمیں ایرانی بھائیوں کے ساتھ اپنے درینہ تعلقات پر فخر ہے دونوں ممالک کی دوستی لازوال اور غیر معمولی ہے جسے ہمارے تاریخی ‘ثقافتی ، ادبی معاشی وا قتصادی تعلقات نے چار چاندلگادیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ایران ہمارا ایسا ہمسایہ ملک ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور اس کے عوام کا ساتھ دیا ہے ۔توانائی کا شعبہ ہو ، گیس کا معاملہ ہو یا تیل کا بحران ، ایران نے ہمیشہ ہمار ا ساتھ دیا ہے ۔ہم ایران پاکستان انڈیا گیس پائپ لائن کے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ تقریب کے دوران ایران کے قونصل جنرل سعید خرازی نے سپیکر کو خطاطی کا فن پارہ بھی پیش کیا جبکہ اس موقع پر جسٹس (ر) جاوید اقبال ‘ نامور سکالرعلامہ ظبیر احمد ظہیراور سینئر کالم نگار ارشاد احمد حقانی کے علاوہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین وحدت روڈ میں سنرجی ایجوکیشن فاوٴنڈیشن کے زیر اہتمام کلین ڈرنکنگ واٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی ملک کی ترقی کا تصور نا ممکن ہے۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار محنتی اساتذہ اور پوزیشن ہولڈرطلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومتی سطح پر ایوارڈز دیے جا رہے ہیں ۔تعلیمی اداروں کو اپ گریڈاور دیہی علاقوں میں اساتذہ کی کمی کو دورکیاجا رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں یکساں معیار تعلیم چاہتے ہیں ۔ سپیکر نے کہا کہ ”2010تک تعلیم ہر بچے کے لئے “کے منصوبہ پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تقریب میں کالج کی پرنسپل عابدہ تنویر اور سنرجی ایجوکیشن فاوٴنڈیشن کی چیئر پرسن عنبرین سپرا نے بھی خطاب کیا۔

 

(عبد القہار راشد)

افسر تعلقات عامہ

فون نمبر: 042-9200310 فیکس نمبر:042-9204750

موبائل نمبر:0300-4284607